ہومپاکستانافغان طالبان کے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات بے بنیاد قرار

افغان طالبان کے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے الزامات بے بنیاد قرار

اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان نے نورستان میں مبینہ تشدد کو پاکستان سے جوڑنے کے افغان طالبان حکومت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور واضح کیا ہے کہ پاکستان داعش یا افغانستان میں سرگرم کسی بھی دہشتگرد گروہ کو سہولت فراہم نہیں کر رہا، افغانستان سے سرگرم دہشتگرد تنظیمیں پاکستان اور خطے کے لیے براہ راست خطرہ ہیں،طالبان حکومت دہشتگرد تنظیموں کیخلاف قابل اعتماد اور قابل تصدیق کارروائی کرے اور افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دینے کا وعدہ پورا کرے،طالبان حکومت کے پاکستان پر الزامات داخلی اختلافات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے نورستان میں ہونے والی جھڑپوں سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کا نورستان یا افغانستان میں کسی بھی اندرونی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔حکام نے واضح کیا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کے نورستان میں کسی کارروائی میں ملوث ہونے کے دعوے بے بنیاد ہیں، سابق افغان اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت، داعش سمیت کسی دہشت گرد گروہ کی سہولت کاری اور دیگر الزامات بھی مسترد کر دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا، نہ ہی الزامات کے حق میں افراد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم کیے گئے

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو بھی پاکستان سے کسی تعلق کو ثابت نہیں کرتی۔وزارتِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی مسلسل رپورٹس افغانستان میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی رہی ہیں، جبکہ افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد گروہ پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے والی طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام باعثِ تعجب ہے، طالبان حکومت کو داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کے بجائے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کرنی چاہیے۔وزارتِ اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ افغان طالبان حکومت کو اپنے اس وعدے کی پاسداری کرنی چاہیے کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔