ہومپاکستانپاکستان اور جنوبی کوریا کا تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور جنوبی کوریا کا تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

نیویارک (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار کی اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب سے مذکورہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اقتصادی تعلقات کے فروغ اور نئے مواقع سے استفادہ کرنے کے لیے دونوں ممالک کے کاروباری شعبوں کے درمیان روابط اور براہِ راست تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ چو ہیون نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔