اسلام آباد(سب نیوز)15 برس سے زیر التوا اسلام آباد ماڈل جیل پراجیکٹ تکمیل کے قریب اور اسلام آباد ماڈل جیل کا اگلے ماہ افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر مملکت نے ماڈل جیل اسلام آباد منصوبے پر جاری کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ماڈل جیل منصوبے کے باقی ماندہ تمام کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، وفاقی وزیر داخلہ نے افتتاح سے قبل تمام کام ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت یقینی بنائے جائیں۔ کسی بھی سطح پر غیر ضروری تاخیر نہ کی جائے۔15برس سے زیر التوا ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل میں اب مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ افتتاح سے قبل تعمیراتی، انتظامی اور دیگر تمام ضروری امور مکمل کیے جائیں اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ہفتے منصوبے کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ماڈل جیل منصوبے پر کام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اسے مقررہ وقت میں مکمل کرائیں گے۔اجلاس میں ماڈل جیل کے باقی ماندہ کاموں، انتظامی امور اور افتتاح سے متعلق تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی جی ایف آئی اے، فیڈرل پراسیکیوٹر جنرل، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈی جی این سی سی آئی اے اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
