ہومتازہ ترینایشیاء پیسفک خطے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کیلئے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے، عاطف اکرام شیخ

ایشیاء پیسفک خطے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کیلئے مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ کی زیر صدارت ’’ٹیکسٹائل انڈسٹری ان ایشیاء پیسفک‘‘ کے موضوع پر ویب نار کا انعقاد کیا گیا، جس میں کنفیڈریشن آف ایشیاء پیسفک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے رکن ممالک کے نمائندوں، چیمبرز اور فیڈریشنز کے صدور نے شرکت کی۔

ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی معیشت کا اہم ترین حصہ ہے اور ملکی برآمدات کا بڑا حصہ اسی شعبے پر مشتمل ہے۔ ایشیاء پیسفک خطے کے لیے بھی ٹیکسٹائل سیکٹر انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ خطہ ٹیکسٹائل کے ذریعے بھاری آمدنی حاصل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاء پیسفک ریجن میں ٹیکسٹائل سیکٹر شاندار ترقی کی مثال ہے، تاہم اس شعبے کی مزید ترقی اور عالمی سطح پر مسابقت کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایشیاء پیسفک ریجن کو یورپی یونین، افریقہ، امریکا اور دیگر اہم ممالک و خطوں کی مارکیٹوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو مزید وسعت دی جا سکے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان دنیا کی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں ایشیاء کا آٹھواں بڑا ملک ہے۔ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع بھی برآمدات کے حوالے سے اسے اہم مقام فراہم کرتا ہے، کیونکہ ملک سمندر اور زمینی راستوں کے ذریعے تین براعظموں کے ساتھ منسلک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کا وسیع انفراسٹرکچر، ہنرمند افرادی قوت کی دستیابی اور بڑی ملکی و علاقائی مارکیٹ اسے عالمی ٹیکسٹائل مارکیٹ کے لیے اہم بناتی ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر نے جدید ٹیکنالوجی اور عالمی فیشن کی بدلتی ہوئی ضروریات کو اپناتے ہوئے نمایاں ترقی کی ہے۔ انہوں نے ایشیاء پیسفک خطے کے ممالک کے درمیان تعاون، مشترکہ حکمت عملی اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔