اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر یونان کے وزیر خارجہ جارج گیراپیٹریٹس سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران یونانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار اور عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی سرگرمیوں کو سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور یونان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری سطح پر روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
یونانی وزیر خارجہ نے یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت اور قابل قدر کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال، توانائی کی سپلائی چین میں رکاوٹوں سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطحی روابط کا سلسلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے ایک دوسرے کو باہمی دوروں کی دعوت بھی دی۔
