ہوماسلام آباداسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پر سی ڈی اے کی جامع انسدادِ تجاوزات کارروائیاں جاری،

اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ پر سی ڈی اے کی جامع انسدادِ تجاوزات کارروائیاں جاری،

اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ کے ساتھ جامع انسدادِ تجاوزات اور بلڈنگ کنٹرول آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ یہ کارروائی اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک رکھنے، منصوبہ بند ترقی کو یقینی بنانے اور متعلقہ قوانین و بلڈنگ ریگولیشنز پر عملدرآمد کے لیے سی ڈی اے کی پالیسی کے تحت کی جا رہی ہے۔معزز وفاقی وزیر برائے داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے کو منظم اور ریگولیٹ کرنے کے لیے بلڈنگ کنٹرول سیکشن ، سی ڈی اے نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سیلنگ، ریگولرائزیشن اور انہدام کی جامع کارروائی شروع کی۔

اسلام آباد ایکسپریس وے ایسٹ کے متعین حصے میں مجموعی طور پر 377 نشاندہی شدہ تعمیرات کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے، جن میں 281 کمرشل تعمیرات شامل ہیں۔ یہ کارروائی متعلقہ بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز، لینڈ یوز قوانین اور دیگر نافذ العمل قوانین کے تحت غیر مجاز تعمیرات، غیر مجاز تجارتی سرگرمیوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے کی جا رہی ہے۔متعلقہ بائی لاز کے مطابق لینڈ کنورژن چارجز، غیر مجاز تعمیرات اور سیٹ بیک، ایف اے آراور کورڈ ایریا کی خلاف ورزیوں کی مد میں تقریبا 3 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ گزشتہ انفورسمنٹ مہم کے دوران تقریبا 72 کروڑ روپے وصول کیے گئے، جبکہ جاری آپریشن کے دوران اب تک تقریبا 10 کروڑ روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔متعلقہ بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز کے تحت اب تک 140 سے زائد خلاف ورزی کرنے والی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔ یہ آپریشن سوان دیہاتی سے اقبال ٹان، کھنہ پل اور کورال برج سے ہوتے ہوئے کورال/گلبرگ گرینز تک کے علاقے پر محیط ہے۔

جاری آپریشن کے تحت سوان سے کھنہ پل تک 124 تعمیرات کی نشاندہی، مارکنگ اور انہدام کے لیے حد بندی کی جا چکی ہے، جبکہ ان کے خلاف انہدام کی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ سیل کیے گئے احاطے اس وقت تک سیل رہیں گے جب تک نشاندہی کی گئی خلاف ورزیوں کا ازالہ اور تمام ضروری قانونی و ریگولرائزیشن کی کارروائیاں مکمل نہیں کر لی جاتیں، بشرطیکہ مجاز اتھارٹی سے منظوری حاصل ہو۔ کسی بھی سیل شدہ احاطے کو متعلقہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جاری آپریشن سی ڈی اے کے اس عزم کا عکاس ہے کہ بلڈنگ اور لینڈ یوز ریگولیشنز پر مثر عملدرآمد، غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام اور دارالحکومت کے اہم کوریڈورز پر منظم اور منصوبہ بند ترقی کو یقینی بنایا جائے۔سی ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قوانین کے مطابق خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، تاکہ اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک، منظم، باقاعدہ اور منصوبہ بندی کے اصولوں کے مطابق شہر بنانے کی پالیسی کو مثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔