ہومبریکنگ نیوزبلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع، ن لیگ کے عہدیداروں میں بڑی تبدیلیاں، 2 رہنما عہدوں سے فارغ

بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع، ن لیگ کے عہدیداروں میں بڑی تبدیلیاں، 2 رہنما عہدوں سے فارغ

لاہور (آئی پی ایس )مسلم لیگ (ن) پنجاب نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے بھرپور تیاریاں شروع کرتے ہوئے مشکل وقت میں ساتھ دینے والے مخلص اور دیرینہ کارکنوں کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہفتہ کے روز رانا ثنا اللہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس میں مرحلہ وار الیکشن کے روڈ میپ کے ساتھ ساتھ تنظیم میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری بھی دی گئی ہے۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی زیرِ صدارت صوبائی تنظیم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارٹی عہدیداروں نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں خالی تنظیمی عہدے جلد از جلد پر کیے جائیں گے۔صوبے کی تمام ڈویژن، اضلاع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیم کو متحرک کرنے، عوامی رابطوں کو تیز کرنے اور بھرپور مہم چلانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اجلاس کی اہم ترین پیش رفت یہ تھی کہ تمام ڈویژنل عہدیداروں کو واضح پیغام دیا گیا کہ بلدیاتی الیکشن میں مشکل وقت کے ساتھیوں اور پارٹی سے مخلص دیرینہ کارکنوں کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔ عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتخابات کی تیاریوں کا تفصیلی روڈ میپ اور حکمت عملی طے کر کے جلد از جلد مرکزی قیادت کو بھجوائیں۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار منعقد ہوں گے۔

اجلاس کے دوران تنظیمی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ چوہدری جاوید بوٹا اور محسن رانجھا کو مسلم لیگ (ن) پنجاب کا نائب صدر مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ سمیرا ملک اور حافظ عثمان عباسی کو ان کے عہدوں سے ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، جس پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کی جانب سے یہ اصولی مقف اپنایا گیا کہ اس معاملے پر حتمی بحث اور فیصلہ پارلیمنٹ کے فورم پر ہونا چاہیے۔اس اہم بیٹھک میں آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں پارٹی کی شاندار جیت پر قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی گئی اور غیور عوام کی جانب سے مسلم لیگ (ن) پر غیر متزلزل اعتماد کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔

دریں اثنا پارٹی کے سینیئر رہنماں محمود بشیر ورک، ندیم کامران اور ملک اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔پنجاب میں بلدیاتی حکومتوں کی عدم موجودگی طویل عرصے سے ایک اہم انتظامی مسئلہ رہی ہے، جس کے باعث گراس روٹ لیول پر عوامی مسائل کے حل میں مشکلات کا سامنا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تنظیم سازی اور انتخابی روڈ میپ کی تیاری اس بات کا اشارہ ہے کہ صوبائی حکومت نچلی سطح پر اقتدار کی منتقلی کے لیے سنجیدہ ہے۔آزاد کشمیر میں ملنے والی کامیابی کے بعد اب پارٹی قیادت پنجاب کے بلدیاتی محاذ پر اپنا سیاسی تسلط برقرار رکھنے کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔