اسلام آباد (سب نیوز)گیٹس فاونڈیشن کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور گیٹس فاونڈیشن کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو مزید موثر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں گیٹس فاونڈیشن کی نمائندگان کلپنا کوچر اور انیتا زیدی شامل تھیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز کے دوران گیٹس فاونڈیشن کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جبکہ پولیو کے خاتمے کے قومی پروگرام کو اعلی ترین سطح پر سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے صحت، غذائیت، مالیاتی شمولیت اور معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے گیٹس فاونڈیشن کے کردار کو بھی قابل قدر قرار دیا۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں، غذائی تحفظ، زچہ و نوزائیدہ صحت، غربت کا خاتمہ اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم اصلاحاتی ترجیحات حکومت کے گورننس ریفارمز ایجنڈے کا حصہ ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیش لیس اکانومی پاکستان حکومت کے تبدیلی کے ایجنڈے کا بنیادی حصہ ہے، جس کا مقصد عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا، حکومتی نظام میں شفافیت بڑھانا اور سرکاری رقوم بغیر کسی تاخیر یا ضیاع کے مستحقین تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور گیٹس فاونڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مستحق خواتین کو مالی معاونت براہ راست، محفوظ اور باوقار انداز میں ملنی چاہیے۔وزیراعظم نے گیٹس فاونڈیشن کے ساتھ مل کر خواتین کی مالیاتی شمولیت اور معاشی خودمختاری کے لیے مزید مرکوز اقدامات پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
گیٹس فاونڈیشن کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور پولیو کے خاتمے پر گفتگو
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
