اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں روانڈا کی ہائی کمشنر محترمہ فاتو ہریریمانا نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور روانڈا اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر گفتگو ہوئی، جبکہ بالخصوص زراعت، چائے اور کافی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے تجویز دی کہ روانڈا ہائی کمیشن کی میزبانی میں پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور روانڈا ڈیویلپمنٹ بورڈ کے درمیان جلد ایک ورچوئل اجلاس منعقد کیا جائے، جس میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر غور کیا جائے۔ یہ اجلاس دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوگا۔روانڈا کی ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو روانڈا۔پاکستان سرمایہ کاری فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی، جو 23 سے 25 ستمبر 2026 تک کیگالی، روانڈا میں منعقد ہوگا۔فورم سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔
