ہومپاکستانبرمنگھم ٹیسٹ،پاکستانی بیٹنگ لائن پھر ناکام، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 133رنز پر ڈھیر

برمنگھم ٹیسٹ،پاکستانی بیٹنگ لائن پھر ناکام، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 133رنز پر ڈھیر

برمنگھم (سب نیوز)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں محض 133رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کے لیے میدان میں اترنے والی پاکستانی ٹیم، چار تبدیلیوں کے باوجود انگلش بالرز کی تباہ کن باولنگ کا سامنا کرنے میں ناکام رہی۔
ایجبسٹن میں جاری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ تیسرے ٹیسٹ میں بھی قومی ٹیم بیٹنگ کے شعبے میں مشکلات کا شکار نظر آرہی ہے اور کھیل کے پہلے روز ہی پہلی اننگ میں محض 133 رنز پر ڈھیر ہوچکی ہے۔پہلی اننگ میں قومی ٹیم کا بیٹنگ آرڈر ایک بار پھر ناکام نظر آیا جب کہ 8 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹیم میں کم بیک کرنے والے اوپنر صائم ایوب اور اذان اویس نے کیا، تاہم صائم ایوب محض 8 رنز پر اولی رابنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ صرف 8 رن کے مجموعی اسکور پر گری، جب صائم ایوب 10 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے اولی رابنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔یہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد اولی رابنسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کر لی ہے۔
قومی ٹیم کے دوسرے اوپنر اذان اویس بھی 20 گیندوں پر 9 رنز بنانے کے بعد محض 14 رنز کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہوگئے، جس کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ تیزی سے بکھرتی چلی گئی۔عبداللہ شفیق 16 گیندوں پر صرف 3 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 گیندوں پر 5 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوگئے۔پاکستان کو پانچواں نقصان بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ کپتان بابر اعظم 18 گیندوں پر 7 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوئے۔ جس کے بعد غازی غوری 4، محمد عمران 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مسلسل گرتی وکٹوں کے درمیان سعود شکیل واحد بلے باز تھے جنہوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی محتاط اننگز کھیلی، تاہم کھانے کے وقفے کے فورا بعد وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے رضااللہ 11 جب کہ محمد عباس 21 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے جوش ٹنگ نے 4، جب کہ جوفرا آرچر اور اولی رابنسن نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔