ہومپاکستاناسلام آباد پولیس کو 50الیکٹرک گاڑیاں فراہم، وزیراعظم نے گرین پولیسنگ کا افتتاح کردیا

اسلام آباد پولیس کو 50الیکٹرک گاڑیاں فراہم، وزیراعظم نے گرین پولیسنگ کا افتتاح کردیا

اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کیں۔وزیراعظم نے الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کو فراہم کی جانے والی الیکٹرک گاڑیوں کا مقصد پولیسنگ کے نظام میں گرین اور ماحول دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔
تقریب کے دوران انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیراعظم کو وفاقی دارالحکومت کی سکیورٹی کے لیے قائم کی گئی نئی فورس کیپٹل پٹرول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس وزیراعظم کے محفوظ، اسمارٹ اور گرین کیپیٹل کے وژن کے تحت تشکیل دی گئی ہے اور اس میں مجموعی طور پر 200 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔بریفنگ کے مطابق کیپٹل پٹرول کے ہر یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ فورس میں موٹر سائیکل سوار اہلکار بھی شامل کیے جائیں گے تاکہ مختلف علاقوں میں فوری رسپانس اور موثر گشت کو یقینی بنایا جا سکے۔
تمام اہلکاروں کو باڈی کیمروں سے لیس کیا جائے گا، جس سے پولیسنگ کے عمل میں شفافیت، نگرانی اور جوابدہی کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کیپٹل پٹرول فورس کے لیے فراہم کی گئی 50 الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔بریفنگ کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کی مد میں ماہانہ تقریبا 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے، جبکہ ایک گاڑی کی لاگت تقریبا ساڑھے 10 ماہ میں ایندھن کی بچت سے پوری ہو جائے گی۔وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، گرین پولیسنگ کے فروغ اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید پولیسنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت طلال چوہدری اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔