اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں آئرلینڈ کی سفیر میری او نیل نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور یونیورسٹی لائبریری کے لیے آئرش ادب پر مشتمل 34 کتب کا خصوصی مجموعہ پیش کیا۔قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے یونیورسٹی کے ڈینز اور چیف لائبریرین کے ہمراہ آئرش سفیر کا استقبال کیا۔
کتب کے اس خصوصی مجموعے میں آئرلینڈ کے معروف ادیبوں کی تخلیقات شامل ہیں، جن میں نوبیل انعام یافتہ ادیب جیمز جوائس، ڈبلیو بی ییٹس اور سیمس ہینی کے علاوہ معروف معاصر مصنفین سیلی رونی اور کلیئر کیگن کی کتابیں بھی شامل ہیں۔دورے کے دوران سفیر میری او نیل نے یونیورسٹی کی قیادت سے ملاقات میں ادب، مطالعے اور دنیا بھر میں آئرش ادیبوں کے دیرپا ادبی اثر و رسوخ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
آئرش سفیر نے قائداعظم یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کا بھی دورہ کیا، جہاں عطیہ کی جانے والی کتب کو محفوظ کیا جائے گا اور انہیں یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے دستیاب بنایا جائے گا۔اس اقدام سے آئرلینڈ اور قائداعظم یونیورسٹی کے درمیان ثقافتی اور علمی روابط مزید مضبوط ہوں گے، جبکہ یونیورسٹی کے ادبی ذخیرے میں بھی اضافہ ہوگا۔اس موقع پر بین الاقوامی تعلیمی و ثقافتی تبادلوں، مطالعے کے فروغ، علم کے اشتراک اور باہمی افہام و تفہیم کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔
آئرش سفیر کی جانب سے قائداعظم یونیورسٹی کی لائبریری کو 34 کتب کا تحفہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
