ہومپاکستاناین او سی اور لے آؤٹ پلان کی خلاف ورزیاں، سی ڈی اے کا بحریہ ٹاؤن کے دفاتر سیل کرنے کا حکم

این او سی اور لے آؤٹ پلان کی خلاف ورزیاں، سی ڈی اے کا بحریہ ٹاؤن کے دفاتر سیل کرنے کا حکم

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بحریہ ٹاؤن پر منظور شدہ لے آؤٹ پلان کی خلاف ورزی اور این او سی کے بغیر مبینہ تعمیرات کے معاملے پر بحریہ ٹاؤن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے دفاتر سیل کرنے کی ہدایت کردی۔سی ڈی اے پلاننگ ونگ، ڈائریکٹوریٹ آف ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے 28 اگست 2026 کو جاری مراسلے میں ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کو بحریہ ٹاؤن کے دفاتر سیل کرنے کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق بحریہ ٹاؤن فیز III اور IV کے لے آؤٹ پلان کی منظوری 2010 میں دی گئی تھی، تاہم تقریباً 15 سال گزرنے کے باوجود اسکیم کے این او سی کے لیے مطلوبہ شرائط مکمل نہیں کی گئیں۔سی ڈی اے کے مطابق این او سی جاری ہونے سے قبل اسکیم میں ترقیاتی کام اور اراضی/پلاٹس کی فروخت کی گئی، جسے اتھارٹی نے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ مراسلے میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے بحریہ ٹاؤن کو متعدد خطوط، نوٹسز اور شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔مراسلے میں مزید کہا گیا کہ بحریہ ٹاؤن فیز II، III، V اور VI کے منظور شدہ لے آؤٹ پلان میں بھی مبینہ خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جبکہ پارکس، قبرستان اور عوامی عمارات کے لیے مختص اراضی کو غیر قانونی طور پر تبدیل کیے جانے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔سی ڈی اے نے متعلقہ ضوابط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ غیر منظور شدہ تعمیرات یا ترقیاتی کاموں کی صورت میں اشتہاری، اسپانسر، آپریٹر، کنسلٹنٹ، کنٹریکٹر اور رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کے دفاتر سیل کیے جاسکتے ہیں۔ مراسلے کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے نئے بحریہ ہیڈ آفس، بزنس ڈسٹرکٹ، بحریہ ٹاؤن فیز 8، راولپنڈی کی سیلنگ کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کو کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔