ہومبریکنگ نیوزسابق سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کی خوش دامن کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس

سابق سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کی خوش دامن کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس

جدہ(رپورٹ: خالد نواز چیمہ)سابق سفیرِ پاکستان برائے آسٹریا اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی آفتاب احمد کھوکھر کی خوش دامن کے انتقال پر جدہ میں ایک پروقار تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں سفارتی، سماجی، کاروباری، صحافتی اور پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔تعزیتی ریفرنس میں قونصل جنرل پاکستان جدہ سید مصطفی ربانی اور اسلامی تعاون تنظیم میں پاکستان کے سفیر فواد شیر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی اور آفتاب احمد کھوکھر سے ان کی خوش دامن کے انتقال پر دلی تعزیت، گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

شرکا نے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ خاندان کی ایک بزرگ اور محترم ہستی کا دنیا سے رخصت ہونا بلاشبہ ایک بڑا صدمہ ہے، تاہم اللہ تعالی کی رضا کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنا ہی اہلِ ایمان کا شیوہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی آزمائش کی گھڑی میں صبر، دعا اور ایک دوسرے کا ساتھ ہی غم کو برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرتا ہے۔اس موقع پر آفتاب احمد کھوکھر اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا گیا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستانی سفارتی برادری، کمیونٹی اور ان کے تمام احباب ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شرکا نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ نصیب کرے۔تعزیتی ریفرنس میں مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر آفتاب احمد کھوکھر، افشاں آفتاب، موسی کھوکھر اور ابراہیم کھوکھر سمیت تمام سوگوار اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل، حوصلے اور استقامت کی دعا کی گئی۔

شرکا نے اس امر کا اظہار کیا کہ دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہونا پاکستانی کمیونٹی کی باہمی محبت، اخوت، ہمدردی اور رواداری کی خوبصورت روایت ہے۔ ایسی تقریبات نہ صرف مرحومین کے ایصالِ ثواب کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ غمزدہ خاندان کو یہ احساس بھی دلاتی ہیں کہ وہ اس مشکل وقت میں تنہا نہیں۔تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحومہ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ پسماندگان کے لیے اللہ تعالی سے صبرِ جمیل اور حوصلے کی دعا کی گئی۔ اللہ تعالی مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، قبر کو نور سے منور کرے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔