ہومبریکنگ نیوزآئی سی سی نے ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے بھارت منتقل کردی

آئی سی سی نے ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی سری لنکا سے بھارت منتقل کردی

ممبئی (آئی پی ایس )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے سری لنکا سے میزبانی واپس لیتے ہوئے بھارت کو افتتاحی ویمنز چیمپیئنز ٹرافی کا نیا میزبان مقرر کر دیا ہے۔ یہ سنسنی خیز ٹورنامنٹ اگلے سال فروری 14 سے فروری 28 تک بھارت کے 2 شہروں ممبئی اور وڈودرا میں کھیلا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ میں حکومتی مداخلت اور سیاسی بنیادوں پر تقرریوں کے باعث آئی سی سی نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

آئی سی سی کی سخت پالیسی کے تحت کسی بھی ملک میں حکومت کی طرف سے مقرر کردہ عبوری یا سیاسی ایڈمنسٹریشن کی اجازت نہیں ہوتی۔سری لنکا کرکٹ کو اس وقت سرکاری طور پر نامزد کردہ ٹرانسفارمیشن کمیٹی چلا رہی ہے جو اصلاحات کی ذمہ دار ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل 2024 کا انڈر 19 ورلڈ کپ بھی حکومتی مداخلت کے باعث سری لنکا سے لے کر جنوبی افریقہ منتقل کیا گیا تھا، تاہم آئی سی سی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ جولائی کی سالانہ کانفرنس میں طے پانے والی اصلاحات پر تاحال کام کر رہا ہے۔

آئی سی سی بورڈ نے یکم ستمبر کو بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور بھارت کے وینیوز کا جائزہ لینے کے بعد بھارت کے حق میں فیصلہ دیا۔اس ایونٹ کے تمام میچز بھارت کے 2 نامور اسٹیڈیمز، ممبئی کے کرکٹ کلب آف انڈیا (برابورن اسٹیڈیم) اور وڈودرا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔رانڈ رابن کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی ٹاپ 6 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور میزبان بھارت شامل ہیں۔ فائنل مقابلہ 28 فروری کو کھیلا جائے گا۔

اس موقع پر آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی ویمنز چیمپیئن ٹرافی 2027 خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک نئے اور پرجوش باب کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ افتتاحی ٹورنامنٹ دنیا کی بہترین ٹیموں کو ایک انتہائی سخت اور معیاری مقابلے کے لیے اکٹھا کرے گا، جبکہ ہر سال ایک بڑا ویمنز ایونٹ منعقد ہونے سے کھلاڑیوں اور مداحوں کے لیے کھیل کی دنیا میں ایک بہترین تسلسل اور رفتار پیدا ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔