اسلام آباد (آئی پی ایس )سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان سرحد کے غلام خان سیکٹر کے راستے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج دہشتگردوں کی تشکیل کو نشانہ بناتے ہوئے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر پاک افغان سرحد کے غلام خان سیکٹر میں پاکستان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف بروقت اور مثر کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران 15 درانداز خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور ان کی جانب سے پاکستان میں داخل ہوکر کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق خوارج دہشتگرد محفوظ پناہ گاہوں، بھرتی، تربیت، لاجسٹک معاونت، آپریشنل سپورٹ اور پاکستان میں دراندازی کے لیے افغان سرزمین پر انتہائی انحصار کرتے ہیں۔خوارج کی جانب سے پاک افغان سرحد عبور کرنے کی بار بار کوششیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ یہ عناصر بیرونی محفوظ پناہ گاہوں اور معاونتی نیٹ ورکس پر مسلسل انحصار کر رہے ہیں۔
غلام خان سیکٹر کے راستے حالیہ دراندازی کی کوشش بھی اسی طریقہ کار کی ایک واضح مثال ہے۔سیکیورٹی فورسز نے بروقت ملنے والی انٹیلی جنس کی بنیاد پر درست اور مثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 15 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔یہ کارروائی اس امر کا اظہار ہے کہ پاکستان بیرونی پشت پناہی اور ان عناصر کو دستیاب محفوظ پناہ گاہوں کے باوجود دہشتگردی کے خطرے کو مثر انداز میں ختم کرنے کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے گا اور خونخوار خوارج کو عوام یا ملکی سرزمین کے لیے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
