ہومدنیاچینی صدر کا نئے لانگ مارچ پر نئی کامیابیاں حاصل کرنے پر زور

چینی صدر کا نئے لانگ مارچ پر نئی کامیابیاں حاصل کرنے پر زور

بیجنگ:چین کے صدر شی جن پنگ نے ملک کی کمیونسٹ پارٹی اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ لانگ مارچ کی عظیم روح کو مشعل راہ بناتے ہوئے نئے دور کے لانگ مارچ میں نئی کامیابیاں حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کو یاد رکھ کر ہی روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

چینی صدر نے یہ بات جمعرات کو بیجنگ میں ریڈ آرمی کے لانگ مارچ کی فتح کی 90ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شی جن پنگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ لانگ مارچ چینی انقلاب، ملک اور فوج کی تاریخ کا ایک غیر معمولی اور فیصلہ کن باب ہے، جس کے اثرات چینی قوم کی نشاۃ ثانیہ کے سفر پر آج بھی نمایاں ہیں۔

تقریب کے آغاز میں صدر شی جن پنگ کی تجویز پر شرکا نے لانگ مارچ اور چین کی انقلابی جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے انقلابی ہیروز کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ تقریب میں تقریباً 3,000 افراد نے شرکت کی۔

صدر شی نے کہا کہ اکتوبر 1934 سے اکتوبر 1936 تک ریڈ آرمی نے لانگ مارچ کے دوران دس سے زائد صوبوں کا سفر کیا، جس نے چینی انقلاب کے لیے ایک نئے دور کی راہ ہموار کی۔ ان کے مطابق اس تاریخی جدوجہد کی کامیابی میں کمیونسٹ پارٹی کی درست قیادت اور ماؤ زے تنگ کی مرکزی قیادتی حیثیت کا قیام فیصلہ کن عوامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط نظریاتی وابستگی، پختہ یقین اور بلند مقاصد کسی بھی جدوجہد کی کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ لانگ مارچ کی روح وفاداری، سچائی، انصاف اور اتحاد کی طاقت کی عکاسی کرتی ہے اور مشکلات پر قابو پانے اور عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے ہمیشہ تحریک فراہم کرتی رہے گی۔

چینی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مارکسزم کے بنیادی اصولوں کو چین کے مخصوص حالات کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے ملک کے مسائل کا حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہمیشہ کمیونسٹ پارٹی اور عوامی مسلح افواج کی قوت اور حمایت کا بنیادی سرچشمہ رہیں گے۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ لانگ مارچ کا سفر آج بھی جاری ہے اور چین اپنے نئے تاریخی مرحلے میں ایک جدید سوشلسٹ ملک کی جامع تعمیر کے دوسرے صد سالہ ہدف کے حصول اور چینی طرز کی جدیدیت کے ذریعے قومی نشاۃ ثانیہ کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے نئے دور کے لانگ مارچ میں کامیابی کے لیے پارٹی کے نظریات، عقائد اور بنیادی مقاصد سے وابستگی برقرار رکھنے اور عوام پر بھرپور اعتماد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ معیار کی ترقی کو غیر متزلزل انداز میں آگے بڑھانا اور تمام شہریوں کے لیے مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدر شی نے ترقی اور سلامتی کے درمیان بہتر توازن قائم کرنے، خطرات کا مقابلہ کرنے اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تاریخی مواقع سے فائدہ اٹھانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی مسلح افواج کو عالمی معیار کی افواج بنانے کے عمل کو تیز کرنا اور فوج پر کمیونسٹ پارٹی کی مکمل قیادت برقرار رکھنا بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے پارٹی کی قیادت کو مضبوط بنانے، تنظیمی اصلاحات اور احتساب کے نظام کو مؤثر بنانے اور پارٹی کے اندر نظم و ضبط کو سختی سے برقرار رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔

تقریب کی صدارت چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن ژاؤ لیجی نے کی۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کے خطاب کو سیاسی، نظریاتی اور رہنما اصولوں کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے پارٹی، فوج اور چین کے تمام نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والے عوام پر زور دیا کہ وہ مرکزی قیادت کے گرد مزید متحد ہو کر ملک کی تعمیر اور قومی نشاۃ ثانیہ کے اہداف کے حصول کے لیے کام کریں۔

تقریب میں وزیراعظم لی چیانگ، ژاؤ لیجی، وانگ ہوننگ، کائی چی، ڈنگ شوئی شیانگ اور لی شی سمیت سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے ارکان اور نائب صدر ہان ژینگ نے بھی شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔