اسلام آباد (سب نیوز) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے زون فائیو اسلام آباد میں واقع ٹیلی ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم کا لے آؤٹ پلان فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق اسکیم کے اسپانسر ادارے ٹیلی ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے منظوری کی شرائط و ضوابط پر عمل درآمد نہ کرنے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیلی ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم 499.50 کنال اراضی پر مشتمل ہے، جس کے لے آؤٹ پلان کی منظوری 24 مارچ 2023 کو دی گئی تھی۔ تاہم، اسکیم انتظامیہ تین سال سے زائد عرصے گزرنے کے باوجود منظوری کی شرائط پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی۔نوٹیفکیشن کے مطابق سی ڈی اے نے اسکیم انتظامیہ کو متعدد نوٹسز جاری کیے اور 27 مئی 2025 اور 2 دسمبر 2025 کو حتمی طور پر وضاحت پیش کرنے کا موقع بھی دیا، لیکن متعلقہ ہدایات پر عمل درآمد کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔
سی ڈی اے کے مطابق اسکیم کی تشہیر اور آغاز کے 20 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ترقیاتی کام نہ ہونے پر عوام کی جانب سے متعدد شکایات بھی موصول ہوئیں۔ اس معاملے پر ڈائریکٹر جنرل فیڈرل آڈٹ نے بھی آڈٹ پیرا نمبر 1.8/2025-26 مرتب کیا۔سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ ٹیلی ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم کا لے آؤٹ پلان متعلقہ قوانین اور ضوابط کے تحت فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق مزید کارروائی کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔اتھارٹی نے عوام اور تمام متعلقہ فریقوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس اسکیم میں پلاٹ، مکان، فلیٹ یا دکان کی خرید و فروخت سے قبل سی ڈی اے سے منظوری اور ضروری این او سی کی تصدیق ضرور کریں۔ سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ مطلوبہ منظوری کے بغیر خریداری کی صورت میں پیدا ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری اتھارٹی پر عائد نہیں ہوگی۔
