ہومپاکستانکوریائی سفیر کی جانب سے قومی یومِ تاسیس اور یومِ افواج کے موقع پر شاندار استقبالیہ

کوریائی سفیر کی جانب سے قومی یومِ تاسیس اور یومِ افواج کے موقع پر شاندار استقبالیہ

اسلام آباد، (سب نیوز): جمہوریہ کوریا کے پاکستان میں سفیر عزت مآب ہان سونگ ہو نے بدھ کی شام کوریائی سفارت خانے کے سرسبز باغات میں ملک کے قومی یومِ تاسیس اور یومِ افواج کی مناسبت سے ایک شاندار استقبالیہ دیا، جس میں سفارتی، سیاسی اور سماجی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

استقبالیے میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارت کاروں، سیاسی رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔

مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں قومی دن کے موقع پر جمہوریہ کوریا کی حکومت اور عوام کو دلی مبارک باد پیش کی اور کوریا کی اس غیر معمولی ترقی کو سراہا جس کے نتیجے میں اس نے عالمی اقتصادی اور تکنیکی طاقت کے طور پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور صنعتی ترقی، جدت، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، فنی مہارتوں کے فروغ اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں کوریا کے تجربات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان ان شعبوں میں تعاون اور تجربات کے تبادلے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے، جس کے لیے اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) کے ذریعے پاکستان کو فراہم کیے جانے والے ترقیاتی تعاون کو بھی سراہا اور ملک میں ترقیاتی اقدامات اور ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے میں اس کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔

اس موقع پر کوریائی سفیر ہان سونگ ہو نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دوستانہ اور مسلسل فروغ پاتے ہوئے تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

سفیر نے کہا کہ پاکستان اور کوریا مختلف شعبوں میں خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ باہمی روابط، مسلسل تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے کوریائی ثقافت اور روایات کی عکاسی کرنے والا ثقافتی پروگرام بھی دیکھا۔ شرکاء کی تواضع کوریائی اور پاکستانی کھانوں سے کی گئی، جس نے تقریب کو ثقافتی رنگوں سے مزید دلکش بنا دیا۔

یہ استقبالیہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے اظہار کا ایک اہم موقع ثابت ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔