ہومپاکستانصدر مملکت آصف علی زرداری کی ازبک صدر کو 35ویں یومِ آزادی پر مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری کی ازبک صدر کو 35ویں یومِ آزادی پر مبارکباد

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف اور برادر ازبک عوام کو 35ویں یومِ آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر زرداری نے صدر مرزیایوف کے نام اپنے خط میں کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ ایمان، ثقافتی مماثلت، باہمی اعتماد اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر استوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شراکت داری مسلسل مزید مضبوط اور بامعنی ہو رہی ہے، جبکہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، رابطہ کاری، دفاع اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون وسعت اختیار کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے رواں سال فروری میں صدر شوکت مرزیایوف کے دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی رفتار ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران ہونے والی مفید بات چیت اور طے پانے والی مفاہمتیں اس امر کی عکاس ہیں کہ دونوں ممالک کی قیادت اپنی قریبی دوستی کو عوام کے لیے ٹھوس فوائد میں تبدیل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان اور ازبکستان اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم، علاقائی رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دیں گے اور امن و خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔