ہومپاکستانقائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی سے اٹلی کے سفیر کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور

قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی سے اٹلی کے سفیر کی ملاقات ، دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور

اسلام آباد(سب نیوز)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور اٹلی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت کی نقل و حرکت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔پیرکو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر نے ان خیالات کا اظہار اٹلی کے سفیر یوگو چیئرلاتانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر مبنی ہیں۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ سفیر یوگو چیئرلاتانی اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کردار ادا کریں گے۔قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا منتظر ہے اور یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔پاکستان اور اٹلی کے درمیان اقتصادی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں اطالوی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں اٹلی کی جانب سے مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے سفیر یوگو چیئرلاتانی کو اسلام آباد میں اٹلی کے نئے سفارتی مشن کی تکمیل پر بھی مبارکباد دی۔قائم مقام صدر نے تکنیکی اور پیشہ وارانہ شعبوں میں اٹلی کے تعاون کو سراہا جس میں فیصل آباد میں پاکستان-اٹلی ٹیکسٹائل سینٹر اور لاہور میں فٹ ویئر سینٹر کے قیام سمیت سائنسی اور ماحولیاتی شعبوں میں تعاون بھی شامل ہے۔انہوں نے اٹلی میں پاکستانی طلبہ کیلئے دستیاب تعلیمی مواقع کا خیرمقدم کیا اور افرادی قوت، مزدوروں کی ہجرت اور نقل و حرکت سے متعلق پاکستان-اٹلی مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)کی اہمیت پر زور دیا جو محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کو آسان بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اٹلی کی جانب سے آئندہ تین برسوں کے دوران پاکستان سے 10500 ہنرمند کارکنوں کی بھرتی کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ افرادی قوت کی نقل و حرکت دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔قائم مقام صدر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی 2025-26 کی مدت کے لئے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان کے انتخاب میں اٹلی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر اٹلی کے ساتھ آئندہ بھی مسلسل رابطے اور تعاون کا خواہاں ہے۔اٹلی کے سفیر یوگو چیئرلاتانی جنہوں نے حال ہی میں اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، نے کہا کہ ان کی سفارتی مدت کے دوران ترجیحات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور پاکستان میں اطالوی سرمایہ کاری میں اضافہ شامل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ انہوں نے ایسے وقت میں پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں جب پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اطالوی سفیر نے بتایا کہ اٹلی میں پاکستانی نژاد تقریبا 3 لاکھ افراد رہائش پذیر ہیں، کام کر رہے ہیں اور تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔