ہومتازہ ترینبالائی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد(سب نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران متوقع بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں کے نتیجے میں دریاوں کے بہاو میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے، گلگت بلتستان میں گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، سکردو، استور اور شگر کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اسی طرح خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور نوشہرہ کو بھی ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔آزاد کشمیر میں باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کے مختلف اضلاع بھی ممکنہ خطرے کی زد میں ہیں۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں سیلابی صورتحال جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، شیخوپورہ، نارووال اور قصور میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے، جبکہ اوکاڑہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور سرگودھا میں بھی ممکنہ سیلاب کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔