راولپنڈی (سب نیوز)پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کے لیے سائنسی و حقائق پر مبنی سوچ کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ غیر ملکی طلبہ نے پاکستان کے عوامی جذبہِ خیرسگالی اور ملک میں موجود بے پناہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے ہارورڈ بزنس اسکول کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے ایک وفد نے پاکستان کے دورے کے دوران ملاقات کی ہے۔ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیشرفت، پاکستان کے سیکیورٹی نقطہ نظر، اور خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے کے اثرات سے گھری ہوئی اس تیزی سے بدلتی اور غیر مستحکم دنیا میں نوجوانوں کے لیے تعلیم، مہارت کی ترقی، کاروباری سوچ (اینٹرپرینیورشپ)اور حقائق پر مبنی تجزئوں کو اپنانا انتہائی اہم ہے تاکہ وہ مثبت اور موثر کردار ادا کر سکیں۔
ہارورڈ بزنس اسکول کے طلبہ نے اپنے جاری دورہِ پاکستان کے دوران حاصل ہونے والے شاندار تجربات کا ذکر کیا، بالخصوص انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی گرم جوشی، کھلے دل اور مہمان نوازی کی زبردست تعریف کی۔ طلبہ نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں اور نمو کے بہترین مواقع کا حامل ملک ہے۔
سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے دور میں نوجوان حقائق پر مبنی سوچ اپنائیں،فیلڈ مارشل عاصم منیر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
