ہومتازہ ترینپاکستان کا چین میں تباہ کن سیلاب پر اظہارِ تعزیت

پاکستان کا چین میں تباہ کن سیلاب پر اظہارِ تعزیت

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے سرحدی علاقے میں آنے والے تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے لاپتا ہونے پر حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے سرکاری اکاونٹ پر جاری بیان میں اس مشکل گھڑی میں چینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سانحے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور افراد کے لاپتا ہونے پر انہیں گہرا دکھ ہے اور پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور تلاش کا کام پوری تندہی سے جاری ہے، جبکہ پاکستان ہر ممکن تعاون اور امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتا افراد کی بحفاظت واپسی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم کا پیغام پاکستان اور چین کے درمیان گہرے اور دیرینہ دوستانہ تعلقات، جنہیں دونوں ممالک اکثر آہنی بھائی قرار دیتے ہیں، کی عکاسی کرتا ہے اور قدرتی آفات کے دوران چین کے لیے ہر ممکن انسانی امداد فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔