لندن (سب نیوز)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں جاری 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کی پہلی اننگز 290 رنز پر مکمل ہوگئی، جس کے بعد پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کردیا ہے اورلنچ کے وقفے تک 2وکٹ پر 16رنز بنا لئے ہیں ۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بارش کے باعث پہلے روز کھیل تاخیر سے شروع ہوا اور صرف 56 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔ دن کے اختتام پر انگلینڈ 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنا چکا تھا۔دوسرے روز انگلینڈ نے 248 رنز 9 کھلاڑی آوٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔ انگلینڈ کی آخری وکٹ گس اٹکنسن کی صورت میں گری، جو 45 رنز بنا کر علی عثمان کی گیند پر محمد علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی پوری ٹیم 66.4 اوورز میں 290 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اسمتھ 61رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے 80 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 10 چوکے لگائے۔ جارڈن کاکس نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ گس اٹکنسن نے 45 رنز بنائے۔ جوش ٹونگ 30 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
دیگر بلے بازوں میں بین ڈکٹ نے 17، ایمیلیو گے نے 8، کپتان جو روٹ نے 4، ہیری بروک نے 15، ڈین لارنس نے 17 اور جفرا آرچر نے 14 رنز بنائے۔ اولی رابنسن بغیر کوئی رن بنائے آٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے مجموعے میں اضافی رنز کی تعداد 24 رہی۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ انہوں نے 20 اوورز میں 73 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی نے 22 اوورز میں 86 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ خرم شہزاد اور علی عثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
لارڈز ٹیسٹ، پہلی اننگز میں انگلینڈ 290رنز پر آل آوٹ، پاکستان کے 2وکٹ پر 16رنز
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
