ہومپاکستاننیپال کے سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عاطف اکرام شیخ

نیپال کے سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے نیپال میں آنے والے تباہ کن فلیش فلڈز کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور متاثرہ خاندانوں سے بھرپور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قدرتی آفت نے نیپال کے عوام کو شدید دکھ اور مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس مشکل گھڑی میں نیپال کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ قدرتی آفت سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور تکلیف میں ہم برابر کے شریک ہیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ نیپال میں سیلاب سے زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، جبکہ متاثرین کی فوری امداد، بحالی اور معمولات زندگی کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور سارک چیمبر نیپال میں امدادی اور بحالی کی کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ قدرتی آفات کے دوران علاقائی تعاون اور انسانی ہمدردی کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارک خطے کے ممالک کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اور مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

نائب صدر سارک چیمبر نے مزید کہا کہ اس سانحے کے بعد ریلیف، بحالی اور متاثرین کی مدد کے لیے علاقائی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان اور پاکستانی کاروباری برادری مشکل کی اس گھڑی میں نیپالی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ نیپال کے ہمارے بہن بھائی اس مشکل وقت میں تنہا نہیں، پاکستان اور پاکستانی عوام ان کے ساتھ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں برابر کے شریک ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔