ہومتازہ ترینپاکستان اور نیپال کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

پاکستان اور نیپال کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ پر زور

لاہور(سب نیوز) نیپال کی سفیر محترمہ ریتا ڈھیتال نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی کا دورہ کیا اور صدر ایل سی سی آئی فہیم الرحمان سیگل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور نیپال کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین فردوس نثار، عبدالمجید، عمران سلیمی اور ندیم انصاری سمیت مجاہد الرحمان، حامد اللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

صدر ایل سی سی آئی فہیم الرحمان سیگل نے نیپال میں حالیہ شدید سیلاب کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام متاثرہ خاندانوں اور نیپال کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور نیپال کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور کاروباری روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان زیادہ روابط باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔

نیپال کی سفیر ریتا ڈھیتال نے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری وفود کے تبادلے، سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد اور پاکستان و نیپال کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے کے قیام کی اہمیت پر زور دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔