اسلام آباد(سب نیوز)ٹوکیو یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لا کے شعبہ بین الاقوامی سیاست کے چیئر اور پروفیسر اینڈو کین نے پیر کو قائداعظم یونیورسٹی (کیو اے یو)میں جاپان کی بدلتی ہوئی سفارت کاری اور انڈو پیسیفک خطے میں اس کے کردار پر خصوصی لیکچر دیا۔جاپان کی ایف او او آئی پی 3اور انڈو پیسیفک میں مستقبل کی درمیانی طاقتوں کی سفارت کاری کے عنوان سے لیکچر اسکول آف پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے سیمینار ہال میں منعقد ہوا۔قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال اورکے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ندیم مرزا نے تقریب میں شرکت کی۔
ڈاکٹر ندیم مرزا نے استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ پاکستان میں جاپان کے سفیر شوئیچی اکاماتسو نے افتتاحی خطاب کیا۔پروفیسر اینڈو نے جاپان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور انڈو پیسیفک خطے کے حوالے سے اس کے بدلتے ہوئے نقط نظر کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کو آزاد اور کھلے انڈو پیسیفک کے تصور اور علاقائی سفارت کاری کی تشکیل میں درمیانی طاقتوں کے کردار سے آگاہ کیا۔انہوں نے انڈو پیسیفک خطے میں بدلتے ہوئے تزویراتی ماحول، ابھرتے ہوئے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی تعاون، کثیرالجہتی روابط اور شراکت داری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔لیکچر میں قائداعظم یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پروفیسر اینڈو کی گفتگو کو توجہ سے سنا۔ لیکچر کے بعد سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں شرکا نے بھرپور انداز میں حصہ لیا۔نشست کے دوران جاپان کی خارجہ پالیسی، علاقائی صورتحال اور انڈو پیسیفک میں درمیانی طاقتوں کی سفارت کاری کے مستقبل سے متعلق مختلف سوالات پر پروفیسر اینڈو کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔تقریب کا اختتام خیالات کے فعال تبادلے کے ساتھ ہوا، جس میں علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں بہتر تفہیم کے فروغ کے لیے علمی اور سفارتی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا
