اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں الجزائر کے سفارتخانے میں 20اگست کو یومِ مجاہد منایا گیا۔ یہ دن 20 اگست 1955 کو شروع ہونے والی شمالی قسطنطینہ کارروائی اور 20 اگست 1956 کو منعقد ہونے والی کانگریس آف صومام کی دوہری سالگرہ کی یاد میں منایا جاتا ہے۔اس موقع پر شہدا کی یاد میں دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں قومی پرچم لہرایا گیا، فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدا کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
الجزائر کے ناظم الامور نے اپنے خطاب میں 20 اگست کی ان دونوں تاریخی تاریخوں کے گہرے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات نے الجزائر کے انقلاب کو منظم اور موثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے پاکستان میں مقیم الجزائر کی نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اپنے آبا اجداد کی قربانی اور بے لوث جدوجہد کو مشعلِ راہ بنائیں، اپنے ملک کی شاندار تاریخ پر فخر کریں اور قومی ترقی کے لیے خود کو بھرپور انداز میں وقف کریں تاکہ الجزائر کا پرچم اقوام عالم میں سربلند رہے۔
