اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے بین الصوبائی ہم آہنگی سینیٹر رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو آزادانہ اور میرٹ پر مبنی قرار دے دیا۔
عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آزادانہ، حقائق کی بنیاد پر اور میرٹ پر ہے، پی ٹی آئی اس فیصلے کا خیرمقدم کر رہی ہے اور عدالت بھی پی ٹی آئی کی تعریف کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بڑی دیر کردی، یہی ایک سیدھا اور قانونی راستہ تھا۔ اگر پی ٹی آئی شروع سے احتجاج کرنے، جیل کا گھیراو کرنے یا ہزاروں افراد اکٹھے کرنے کی کوشش کے بجائے عدالت سے رجوع کرتی تو اسے پہلے بھی ریلیف مل سکتا تھا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی نے صحیح فورم پر اپنا کیس دائر کیا ہے اور عدالت نے بھی اس کے حق میں میرٹ پر فیصلہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ جب عدالت کوئی فیصلہ دے اور وہ اس کی پسند کا نہ ہو تو اس وقت بھی عدالت کا احترام کرے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور اہلخانہ و ڈاکٹروں سے ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل عذیر کرامت بھنڈاری عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔سپریم کورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو آج ہی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔
عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ آزادانہ اور میرٹ پر ہوا، پی ٹی آئی نے عدالت سے رجوع کرنے میں دیرکی ، رانا ثنا اللہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
