کراچی: (آئی پی ایس) لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب کمانڈر فیصل پٹھان ایران میں فائرنگ سے مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر فیصل پٹھان کو ایرانی شہر چابہار میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، فیصل پٹھان لیاری کے علاقے چاکیواڑہ کی ہزارہ کالونی کا رہائشی تھا۔
فیصل پٹھان ماضی میں رحمان ڈکیت اور بابا لاڈلا گروپ سے وابستہ رہا، رحمان ڈکیت اور بابا لاڈلا کی ہلاکت کے بعد فیصل پٹھان عزیر بلوچ گینگ کا حصہ بن گیا، 2013 کے کراچی آپریشن کے بعد فیصل پٹھان پاکستان سے فرارہو کر ایران منتقل ہوگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق فیصل پٹھان پر بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان سمیت سنگین مقدمات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل پٹھان ایران سے مبینہ طور پر گینگ وار نیٹ ورک کے معاملات چلاتا رہا، فیصل پٹھان کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں بھی شامل تھا، لیاری میں پولیس پر حملوں اور متعدد سنگین مقدمات میں فیصل پٹھان نامزد رہا۔
