ہومپاکستانصدر مملکت کو اٹلی کے نامزد سفیر نے سفارتی اسناد پیش کردیں

صدر مملکت کو اٹلی کے نامزد سفیر نے سفارتی اسناد پیش کردیں

اسلام آباد(سب نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کے روز ایوانِ صدر میں اٹلی کے نامزد سفیر اوگو چیارلاتانی سے سفارتی اسناد وصول کیں۔صدر مملکت نے سفیر اوگو چیارلاتانی سے گفتگو کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی مدتِ سفارت پاکستان اور اٹلی کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مسلسل پیش رفت کو سراہتے ہوئے بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کا ذکر کیا۔

صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت ایک ارب امریکی ڈالر کی حد عبور کر چکی ہے۔صدر مملکت نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا شرائط کے خاتمے سے متعلق معاہدے پر دستخط کا بھی خیرمقدم کیا۔آصف علی زرداری نے 2025-26 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے پاکستان کی امیدواری کی حمایت پر اٹلی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی اجاگر کیا اور اسے پاکستان اور اٹلی کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا۔ملاقات کے موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکریٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔