لاہور (آئی پی ایس )ایشین کرکٹ کونسل کے صدر و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایشین گیمز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے فائنل کے بعد میڈلز دینے کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق محسن نقوی پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث ہفتے کو نِشین کے کوروگی اسپورٹس پارک میں ہونے والے فائنل کے بعد میڈلز دینے کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ محسن نقوی ایشین گیمز 2026 کے فائنل ڈے میں شرکت نہیں کرسکیں گے تاہم انہوں نے سونے اور کانسی کے تمغوں کے میچز میں شریک چاروں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ایشین گیمز 2026 کے سونے اور کانسی کے تمغوں کے میچز میں شریک تمام کھلاڑیوں اور ٹیموں کے لیے نیک خواہشات ہیں، مصروفیات کے باعث وہ ناغویا میں موجود نہیں ہوں گے تاہم دلچسپ مقابلوں کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔
گزشتہ سال ایشین کرکٹ کونسل کی مردوں کی ٹی20 ایشیا کپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی اور تمغے وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ہونے کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔ بھارتی ٹیم کے ٹرافی اور تمغے وصول نہ کرنے کے باعث ایشیا کپ کی اختتامی تقریب میں تاخیر ہوئی تھی اور بعد ازاں فاتح ٹیم کو ٹرافی دیے بغیر تقریب مکمل کردی گئی تھی، جبکہ ٹرافی محسن نقوی کے پاس ہی رہی۔
گزشتہ اتوار کو خواتین کے ٹی 20 ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا، جب بھارتی خواتین ٹیم نے 8 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن سری لنکا کو شکست دے کر چیمپئن بننے کے باوجود محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی۔
