لاہور(آئی پی ایس )سابق وفاقی وزیر اور سینئر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو مسلم امہ کے لیے ایک تاریخی پیش رفت اور نیک شگون قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، اجتماعی سلامتی اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔معاہدے کے تحت اگر تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے تینوں پر حملہ تصور کیا جائے گا، جو مسلم دنیا کے باہمی دفاع اور یکجہتی کے عزم کا واضح اظہار ہے۔یہ معاہدہ امتِ مسلمہ کے استحکام، سلامتی اور باہمی اخوت کے فروغ کے لیے بنیادی ستون ثابت ہوگا اور اس نے ہر صاحبِ ایمان کے دل کو مسرت اور اطمینان سے بھر دیا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کی دوراندیشی اور دانشمندانہ فیصلوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد اللہ تعالی کی جانب سے بہترین اجر کے مستحق ہیں۔دعا ہے اللہ تعالی اس معاہدے کو امتِ مسلمہ کے لیے امن، اتحاد، استحکام اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔
