اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں ڈرونز کی لانچنگ اور ذخیرہ کرنے والے 10 مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، 23 ستمبر کو افغان سر زمین سے ڈرونز کی دراندازی پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان کے ایئر ڈیفنس نے تمام درانداز ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے ناکارہ بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان میں کارروائیاں درست، محدود اور براہِ راست فوجی اہداف تک محدود تھیں، افغان سر زمین سے پاکستان پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین، عوام اور قومی سلامتی کے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، افغان طالبان حکومت فوری طور پر پاکستان کے خلاف تمام دشمنانہ سرگرمیاں بند کرے، افغان سرزمین دہشت گردی یا پاکستان کے خلاف حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور تعمیری روابط کیلئے پرعزم ہے، امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مزید اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
