ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبہ 85 فیصد مکمل، 30 ستمبر تک تکمیل کا ہدف مقرر

اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبہ 85 فیصد مکمل، 30 ستمبر تک تکمیل کا ہدف مقرر

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سیف سٹی توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی توسیعی منصوبے کا مجموعی طور پر 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ نئے کیمروں کی تنصیب کا بھی 85 فیصد مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے، منصوبے کے تحت 415 کلومیٹر آپٹیکل فائبر بچھائی جا چکی ہے، جبکہ ڈیٹا سینٹر، سائبر آرکیٹیکچر اور سائبر سکیورٹی پر بھی تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیف سٹی توسیعی منصوبہ ہر صورت 30 ستمبر تک مکمل کیا جائے، انہوں نے اسلام آباد سیف سٹی کے جدید فیوژن سینٹر کو بھی تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کا عزم اسلام آباد سیف سٹی کو جدید، سمارٹ اور ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر عالمی معیار کا ادارہ بنانا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے لیس سیف سٹی نظام شہریوں کے تحفظ، مؤثر نگرانی اور ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ سیف سٹی بل کو حتمی شکل دے کر جلد از جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، سیف سٹی کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبے پر جاری پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔