ہومبریکنگ نیوزآزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کو سادہ اکثریت حاصل ہوگئی، رانا ثناء اللہ

آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کو سادہ اکثریت حاصل ہوگئی، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد:(آئی پی ایس) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے اور ن لیگ نے حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت بھی حاصل کر لی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ن لیگ 45 میں سے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جس میں سے ن لیگ نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی محض 3 نشستیں ہی حاصل کر سکی، ن لیگ نے مظفر آباد کی 4 نشستیں بھی اپنے نام کیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا 12 مہاجر نشستوں میں سے 10 پر ن لیگ کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی نے مہاجرین کی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا جس پر ہم شکر گزار ہیں اور تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں ایک جمہوری اور عوامی مینڈیٹ سے حکومت بننے جا رہی ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت تمام عوامی مسائل حل کرے گی اور نواز شریف نے عوام سے جو دعدے کیے ہیں وہ پورے کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔