ہومپاکستانپیٹرولیم شعبے کی مکمل ڈی ریگولیشن کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ

پیٹرولیم شعبے کی مکمل ڈی ریگولیشن کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کا جائزہ لینے والی کمیٹی کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں شعبے کی مرحلہ وار ڈی ریگولیشن کے لیے واضح اہداف پر مبنی جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں قیمتوں کے تعین کے فارمولے میں شفافیت، ڈیجیٹلائزیشن اور ونڈ فال ٹیکس سمیت متعدد اہم امور زیر غور آئے۔اجلاس میں مرکزی کمیٹی کی ذیلی کمیٹیوں نے پیٹرولیم پرائسنگ میکانزم کے مختلف پہلوں پر اپنی سفارشات اور نتائج پیش کیے۔اس موقع پر عالمی مشاورتی ادارے کے پی ایم جی نے خطے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکسوں کے نظام کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا۔کمیٹی کے اراکین نے یومیہ قیمتوں کے تعین کے فارمولے اور نئے پرائسنگ میکانزم میں شفافیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھا کم کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم شعبے کی ڈی ریگولیشن واضح، قابلِ پیمائش اور مرحلہ وار روڈ میپ کے تحت کی جانی چاہیے، جس میں پیش رفت جانچنے کے لیے واضح اہداف اور سنگِ میل مقرر کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز)کو پیٹرولیم سپلائی چین کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا پابند بنایا جانا چاہیے تاکہ شفافیت، ٹریس ایبلٹی، کارکردگی اور احتساب کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔