ہومبلوچستانتربت سے دو روز قبل اغوا ہوئے 4 پنجابی اور 2 پشتون مزدوروں کی لاشیں برآمد

تربت سے دو روز قبل اغوا ہوئے 4 پنجابی اور 2 پشتون مزدوروں کی لاشیں برآمد

کوئٹہ: (آئی پی ایس) بلوچستان کے ضلع تربت سے دو روز قبل اغوا کیے گئے 6 مزدوروں کی گولیاں لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق تربت کے علاقے ناصر آباد سے6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، واقعہ کی اطلاع ملنے پر مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر میتوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو گولیاں ماری گئی تھیں، پولیس کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات اور لاشوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔

بلوچستان کے معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ تربت سے ملنے والی لاشیں اغوا ہونے والے چھ مزدوروں کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہید کیے جانے والے مزدوروں میں سے چار کا تعلق پنجاب اور دو کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، 7مزدوروں کو دہشت گردوں نے دو روز قبل تربت کے علاقے کلاتک سے اغوا کیا تھا۔

بابر یوسفزئی کے مطابق سات میں سے ایک مزدور کو اغوا کے فوراً بعد فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھا، 6مزدوروں کو دہشت گرد اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

دوسری طرف بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پولیس نے کہا ہے کہ روزگار کا جھانسہ دے کر پنجاب سے بلا کر یرغمال بنائے گئے 12 افراد کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

گوادر پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ پولیس نے تین ملزمان کو بھی گرفتار کیا اور پانچ گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔

گرفتار ملزمان میں آواران سے تعلق رکھنے والے بہیر الدین اور نادر شاہ شامل ہیں جبکہ تیسرے ملزم عبدالماجد کا تعلق پنجگور سے ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔