ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد ہائیکورٹ: این سی سی آئی اے کے 42 ملازمین کو بڑا ریلیف، حکم امتناع برقرار

اسلام آباد ہائیکورٹ: این سی سی آئی اے کے 42 ملازمین کو بڑا ریلیف، حکم امتناع برقرار

اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے 42 ملازمین کے کیس میں وفاق کی جانب سے حکم امتناع ختم کرانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی نہ کرنے کا حکم برقرار رکھا ہے۔

جسٹس اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے عدالت سے استدعا کی کہ ملازمین سروس میں نہیں ہیں اور نہ ہی کام کر رہے ہیں، لہٰذا حکم امتناع ختم کیا جائے۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وہ نئے سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لے لیں، چھٹیوں کے بعد کیس کی سماعت کرکے فیصلہ کر دیا جائے گا۔

ملازمین کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دو ماہ کی تنخواہیں عدالتی حکم پر ریلیز کی گئی ہیں، تاہم اس کے بعد کی تنخواہیں جاری نہیں کی جا رہیں۔

جسٹس اعظم خان نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے حکم دے رکھا ہے، باقی کیس کا حتمی فیصلہ چھٹیوں کے بعد کیا جائے گا۔

دوران سماعت وکیل قدیر جنجوعہ نے مؤقف اختیار کیا کہ این سی سی آئی اے حکام سندھ ہائیکورٹ کی آئینی عدالت اور قومی اسمبلی میں ایک مؤقف جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مختلف مؤقف اختیار کر رہے ہیں۔ مختلف فورمز پر مختلف حقائق بتا کر عدالت سے حقائق چھپائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے حکم امتناع ختم کرنے کی درخواست دائر کرنے والا افسر مجاز افسر ہی نہیں، جبکہ درخواست دائر کرنے والا افسر خود ڈیپوٹیشن پر ہے۔

اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے تسلیم کیا کہ گریڈ 17 اور 18 کے ملازمین کا معاملہ وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے پاس جانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے رولز بن رہے ہیں اور منظوری کے مراحل میں ہیں، اس لیے عدالت حکم امتناع ختم کر دے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سیکریٹری داخلہ تبدیل ہو چکے ہیں، وہ نئے سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لے کر آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اب پتہ نہیں پرانے سیکریٹری داخلہ کو ان کے ساتھ مسئلہ نہ ہو۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔