اسلام آباد(آئی پی ایس) اسلام آباد ہائیکورٹ میں صحافی اسد علی طور نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی جانب سے جاری نوٹس کو چیلنج کردیا۔
ایڈووکیٹ عطا اللہ کنڈی کے ذریعے اسد علی طور نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں عدالت سے این سی سی آئی اے کا جاری کردہ نوٹس کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسد علی طور صحافت کے پیشے سے وابستہ ہیں اور جوڈیشل سمیت دیگر امور پر رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ این سی سی آئی اے نے نوٹس جاری کرتے ہوئے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔
درخواست کے مطابق این سی سی آئی اے کی جانب سے اسد علی طور کو عائد الزامات کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں، جبکہ انہیں 31 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ این سی سی آئی اے کے نوٹس کو معطل کیا جائے اور اس کے تحت ہونے والی کارروائی سے روکا جائے۔
درخواست میں سیکریٹری داخلہ، این سی سی آئی اے اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
