اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافن نے بدھ کے روز کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے چیئرمین اور چیف کمشنر اسلام آباد، لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران سفیر یرژان کستافن نے قازقستان اور پاکستان کے درمیان جاری دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی اور فروری 2026 میں جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے نتائج سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صدر کے دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں اور بین العلاقائی تعاون کے تحت مستقبل کے مشترکہ منصوبوں پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقوں نے آستانہ اور اسلام آباد کی میونسپل انتظامیہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس ضمن میں ڈیجیٹلائزیشن، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس)، تعلیم، شہری انفراسٹرکچر کی ترقی، شہری شجرکاری، نیز دونوں دارالحکومتوں کے ایوان ہائے تجارت اور کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ان شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے آستانہ اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے اقدام کی بھرپور حمایت کی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے 2026-2027 کے دوران آستانہ اور اسلام آباد کی میونسپل انتظامیہ کے نمائندوں کے باہمی دوروں کا اہتمام کرنے پر اتفاق کیا تاکہ بہترین تجربات کا تبادلہ کیا جا سکے اور مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کو آگے بڑھایا جا سکے۔
قازقستان کے سفیر کی چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات، آستانہ اور اسلام آباد کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
