اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان نے فلسطینی ریاست کی آزادی کے اعلان کی 38ویں سالگرہ کے موقع پر فلسطین کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔سماجی پلیٹ فارم ایکس پر دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت اور پاکستانی عوام اس اہم موقع پر فلسطینیوں اور ان کی حکومت کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت پر ثابت قدم ہے۔وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔صدرمملکت نے خط میں فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بالخصوص حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا، آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستانی عوام فلسطینی عوام کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔صدرمملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور ملحقہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت دہرائی۔آصف علی زرداری نے فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار امن، آزادی اور وقار کے لیے ان کی امنگوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
