ہومپاکستانتحریک انصاف کے رہنما خرم زیشان پارٹی عہدے اور سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے

تحریک انصاف کے رہنما خرم زیشان پارٹی عہدے اور سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے

اسلام آباد(آئی پی ایس )سینیٹر خرم زیشان نے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا استعفی پارٹی قیادت کو ارسال کر دیں گے، جبکہ گولڈ مائننگ کے الزامات لگانے والوں کے خلاف ہتک عزت کی قانونی کارروائی بھی شروع کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں خرم زیشان نے کہا کہ انہوں نے پارٹی عہدے اور سینیٹ کی نشست سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ اپنا استعفی کل پارٹی چیئرمین، جنرل سیکرٹری، اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی لیڈر کو ارسال کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت جب بھی ہدایت دے گی، وہ خود سینیٹ میں حاضر ہو کر چیئرمین سینیٹ کے سامنے استعفے سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کریں گے۔خرم زیشان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی یہ فیصلہ کرتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خاطر انہیں اپنا ووٹ استعمال کرنا ہے اور ان کا استعفی قبول نہیں کیا جاتا تو بھی ان کا ووٹ عمران خان کی امانت ہے اور وہ اس میں خیانت نہیں کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ آئندہ کسی بھی انتخاب میں پارٹی ٹکٹ کے خواہشمند نہیں، خواہ وہ سینیٹ کا انتخاب ہو یا کوئی اور الیکشن، وہ صرف ایک عام پارٹی کارکن اور پاکستانی کی حیثیت سے اپنے ضمیر کے مطابق عمران خان کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔گولڈ مائننگ کے الزامات کے حوالے سے خرم زیشان نے کہا کہ الزام لگانے والوں کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی شروع کرنے کے لیے اپنے وکیل دوستوں سے مشاورت کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ قانونی نوٹس آئندہ چند روز میں الزام لگانے والوں کو بھجوا دیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔