اسلام آباد،(سب نیوز)تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے لاہور کے دورے کے دوران یونیورسٹی آف لاہور کی قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے تعلیم، سائنس اور تحقیق کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں تاجکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹی آف لاہور کے درمیان براہِ راست تعاون کے قیام، طلبہ اور فیکلٹی ممبران کے تبادلے، مشترکہ تعلیمی و تحقیقی پروگراموں کے انعقاد، جبکہ سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر سائنسی تقریبات کے انعقاد کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے تسلسل، تعلیمی روابط کے فروغ اور تعلیم، سائنس اور جدت کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
