اسلام آباد (آئی پی ایس )آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشنز نے ہڑتال مخر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشنز کے ترجمان ندیم خان نے پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ مخر کرنے کا اعلان کیا، آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشنز نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ 22 جولائی رات 12بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کیے جائیں گے۔
پیٹرول پمپ مالکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں ایک بار پھر جنگ کے خدشات اور عالمی منڈی میں دبا کے باعث قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے، تاہم حکومت عوام اور تمام متعلقہ فریقین کے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے معاملات کو منصفانہ انداز میں حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، محسن نقوی اور اسحاق ڈار خطے کی صورتحال اور عالمی دبا کے تناظر میں مسائل کے حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے اوگرا کی مدد سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نظام کو آگے بڑھایا ہے، تاہم اس دوران عوام کو درپیش مشکلات کا بھی مکمل احساس ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کا معاملہ گزشتہ کئی سال سے زیرِ التوا ہے، جسے اوگرا اور کابینہ کے ذریعے منصفانہ طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ڈیلرز اپنے کاروباری اخراجات پورے کرسکیں۔
وزیرِ مملکت نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ دو ہفتوں میں ڈیلرز کے مارجن کے معاملے پر پیش رفت کی جائے گی اور جلد خوشخبری دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر پیٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے درمیان دیگر معاملات دو ہفتوں میں حل نہ ہوئے تو دوبارہ بیٹھ کر بات چیت کی جائے گی۔علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم شعبے میں شفاف نظام چاہتی ہے تاکہ کسی بھی فریق پر ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کے الزامات نہ لگ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں اور پیٹرولیم کمپنیوں نے حکومت کے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے، اور مشترکہ کوششوں سے موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے ماضی میں پیٹرول کی قیمت 520 روپے تک پہنچنے کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف کی کوششوں سے قیمتوں میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں بہتری کے ساتھ عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے اطلاعات سیکریٹری ندیم خان نے کہا کہ وزیرِ مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں پیٹرول پمپ مالکان کے مطالبات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2022 سے زیرِ التوا پیٹرول پمپ مالکان کے کمیشن مارجن کے معاملے کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اس حوالے سے تحریری معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔ ندیم عزیز خان نے کہا کہ انہیں علی پرویز ملک پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے کہ 2 ہفتوں کے اندر کمیشن مارجن کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔
