اسلام آباد (سب نیوز)متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے منسوب حالیہ متنازع بیانات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاک فوج اور شہداِ وطن کے خلاف کسی بھی توہین آمیز بیان سے دینی مدارس، دینی وفاقات اور تعلیمی بورڈز کا کوئی تعلق نہیں۔
متحدہ مدارس کونسل پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد اصغر قادری کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے تمام دینی وفاق، مدارس اور بورڈز کے مشترکہ پلیٹ فارم متحدہ مدارس کونسل پاکستان کی مجلسِ عاملہ کے امیر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے پاک فوج اور شہدا کے حوالے سے دیے گئے بیانات سے کونسل کا کوئی تعلق نہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دینی مدارس، علما، مشائخ اور طلبا افواجِ پاکستان اور شہداِ وطن کی عظیم قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دینی مدارس کے نظریاتی، فکری اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ، امن، اعتدال، اتحاد اور قومی استحکام کے لیے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کے لیے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ شہدا کی قربانیاں آئندہ نسلوں کے لیے سرمایہ افتخار ہیں، اس لیے ان کے خلاف کسی بھی قسم کے منفی بیانات قابل قبول نہیں۔متحدہ مدارس کونسل نے واضح کیا کہ اگر مولانا فضل الرحمان نے یہ موقف کسی سیاسی جماعت کی نمائندگی کرتے ہوئے اختیار کیا ہے تو وہ ان کا ذاتی اور سیاسی مقف ہے، جس کی دینی وفاقات، مدارس اور متحدہ مدارس کونسل پاکستان تائید نہیں کرتی۔اعلامیے میں تمام دینی وفاقوں، مدارس، اساتذہ اور طلبا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قومی یکجہتی، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں اور افواجِ پاکستان اور شہداِ وطن کی خدمات و قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں۔
متحدہ مدارس کونسل کا پاک فوج اور شہدا کیخلاف مولانا فضل الرحمان کے بیانات سے اعلان لاتعلقی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
