ہومپاکستانآزاد کشمیر میں عام انتخابات 27جولائی کو مقررہ وقت پر ہونگے، چیف الیکشن کمشنر نے افواہوں کو مسترد کردیا

آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27جولائی کو مقررہ وقت پر ہونگے، چیف الیکشن کمشنر نے افواہوں کو مسترد کردیا

مظفر آباد (سب نیوز)چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 طے شدہ شیڈول کے مطابق بروقت منعقد کیے جائیں گے اور انتخابات کے التوا سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق افواہوں اور فیک نیوز پر توجہ نہ دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کے لیے پولنگ 20 جولائی کو مقررہ پروگرام کے مطابق ہوگی، جس کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں سمیت تمام ریٹرننگ افسران کو پولنگ کا سامان پہنچا دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حلقہ ایل اے 24 پونچھ و سدھنوتی 7 بلوچ میں ایک امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ کی نئی تاریخ مقرر کی جائے گی، تاہم اس حلقے کے علاوہ آزاد کشمیر کے تمام انتخابی حلقوں میں ووٹنگ 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوگی۔جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفی مغل نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی تمام انتظامی اور انتخابی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ انتخابات کے دوران پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی یا ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس فورس بھی تعینات رہے گی، جبکہ تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے عوام پر زور دیا کہ وہ بلا خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات شفاف، پرامن، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ ماحول میں منعقد کیے جائیں گے۔ انتخابات ملتوی ہونے کی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں اور پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہونے کے بعد اب انتخابات مخر کرنے کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عام انتخابات ہر صورت مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔