ہومپاکستانپی ایس او مین پائپ لائن سے ڈیزل چوری کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ،2ملزمان گرفتار

پی ایس او مین پائپ لائن سے ڈیزل چوری کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ،2ملزمان گرفتار

اسلام آباد(آئی پی ایس ) ایف آئی اے اسلام آباد زون نے پاکستان اسٹیٹ آئل کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سیہالہ ڈپو کی مین پائپ لائن سے غیر قانونی ڈیزل چوری میں ملوث نیٹ ورک کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

خفیہ اطلاع پر سیہالہ بھگا کے قریب جمپ اسٹاپ کے نزدیک چھاپہ مارا گیا جہاں ملزمان نے زیرِ زمین غیر قانونی سیکنڈری پائپ لائن کے ذریعے پی ایس او-اے آر ایل سیہالہ پائپ لائن سے تیل کی چوری اور ٹیمپرنگ کا منظم نیٹ ورک قائم کر رکھا تھا۔ ملزمان چوری شدہ فیول کو ڈرموں میں منتقل کر کے بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے۔ابتدائی تفتیش سے انکشاف ہوا کہ یہ غیر قانونی نیٹ ورک گزشتہ پانچ سے چھ ماہ سے فعال تھا اور روزانہ تقریبا 20 ہزار لیٹر ڈیزل مین پائپ لائن سے غیر قانونی طریقے سے نکالا جا رہا تھا۔ پی ایس او کے ابتدائی تخمینے کے مطابق قومی خزانے کو 10 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔

کارروائی کے دوران غیر قانونی پائپ لائن کے علاوہ دو ہنڈا شہزور پک اپس جن میں آئل سے بھرے متعدد ڈرم اور ٹینک موجود تھے برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے۔ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد اور کسی بھی سرکاری اہلکار کے کردار کا بھی تعین کیا جائے گا۔مزید تفتیش جاری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔