اسلام آباد:(سب نیوز) ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ائیرپورٹ نے سیکنڈری پروفائلنگ کے دوران عمرہ ویزے پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کو مشکوک سرگرمیوں کی بنیاد پر آف لوڈ کر دیا۔ مذکورہ مسافر فلائٹ نمبر SV727 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا اور اس کا تعلق ضلع مانسہرہ سے ہے۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران سفری دستاویزات اور موبائل فون کی جانچ پڑتال کی گئی، جس سے معلوم ہوا کہ مسافر واٹس ایپ پر ایک ایجنٹ سے مسلسل رابطے میں تھا۔ چیٹ ریکارڈ سے یہ بات سامنے آئی کہ مسافر عمرہ ویزے کو استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ پہنچنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔
ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوا کہ مذکورہ ایجنٹ انسانی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کا حصہ ہے، جو غیر قانونی ذرائع سے افراد کو یورپ منتقل کرنے میں سرگرم ہے۔
مزید شواہد کے حصول اور نیٹ ورک کی مکمل نشاندہی کے لیے مسافر کا موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ ملوث ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے آف لوڈ کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
مزید تفتیش جاری ہے
